نئی دہلی، 12؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )گورکھا لینڈ جن مکتی مورچہ (جی جے ایم)نے پیر سے دارجلنگ میں سرکاری اور گورکھا لینڈ علاقائی انتظامیہ (جی ٹی اے)کے دفتروں میں غیر معینہ بند کا اعلان کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی وزیر اعلی ممتا بنرجی کو خبرداربھی کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقے میں اپنے سیاسی فائدے کے لیے علیحدگی کی سیاست سے باز آ جائے۔تنظیم نے دارجلنگ آ چکے یا آنے والے سیاحوں کو بھی اپنے خطرے پر یہاں پر رکنے کو کہا۔اس بند کی وجہ سے سیاحوں کوسب سے زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔قابل ذکرہے کہ بند کے اعلان کے بعد ریاست کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بھی ہدایت جاری کر دی ہے کہ دفاتر کھلے رہیں گے،ساتھ ہی سڑکوں پر بھاری سیکورٹی فورسز تعینات کی گئی ہیں ۔اس بیان کو لے کر ہفتہ کو منعقد ایک اجلاس کے بعد مورچہ کے سربراہ ومل گرونگ نے کہا کہ وہ ممتا کے رویہ کے بارے میں مرکزی حکومت سے بات کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ ممتا کا رویہ ٹھیک نہیں ہے، ممتا جس طرح آمرانہ پالیسیاں اپنا رہی ہیں، اس سے انہیں جلد ہی گنیز بک میں جگہ مل جائے گی۔انہوں نے کہاکہ وہ اس معاملے پر وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو خط لکھیں گے،وہ ممتا کی چل رہی مبینہ زیادتیوں کی معلومات دیں گے۔غورطلب ہے کہ پورے بنگال کے اسکولوں میں بنگالی زبان کی تعلیم کو لازمی کئے جانے کی وجہ سے تشدد بھڑک اٹھا تھا ۔اس کی وجہ سے وزیر اعلی ممتا بنرجی کے دورے کے خلاف گورکھا جن مکتی مورچہ پورے پہاڑی علاقوں میں بڑے پیمانے پر احتجاج کر رہی ہے۔قابل ذکرہے کہ اسی احتجاج کو روکنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے ، تاکہ مظاہرین کو الگ تھلگ کیا جا سکے ،احتجاج کی وجہ سے کئی سارے سیاح پہاڑی علاقوں میں پھنسے ہوئے تھے۔جی جے ایم کے جنرل سکریٹری روشن گری نے تنظیم کی مرکزی کمیٹی کی میٹنگ کے بعد کہاکہ پیر سے جی ٹی اے آفس، بینک اور سرکاری دفاتر غیر معینہ مدت تک بند رہیں گے، عوامی لین دین کے لیے بینک ہفتے میں دو بار کھلے رہیں گے، ہم نے اسکولوں، کالجوں، نقل و حمل کے ذرائع اور ہوٹلوں کو بند کے دائرے سے باہر رکھا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ دارجلنگ، کلم پونگ، کرسی یونگ، مرک، سلی گوڑی، ترائی اور دوار علاقے سے بنگالی میں لکھے سبھی نوٹس بورڈ ہٹائے جائیں گے، صرف انگریزی اور نیپالی میں لکھے نوٹس بورڈ رہنے دئیے جائیں گے۔